پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد وسیم جونئیر سائیڈ اسٹرین انجری کے باعث ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
گزشتہ روز دبئی میں پریکٹس سیشن کے دوران کمر میں تکلیف محسوس کرنے پر فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کا ایم آر آئی اسکین کروایا گیا تھا۔
ایم آر آئی اسکین رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی میڈیکل پینل نے انہیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمد وسیم کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کو ان کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
حسن علی پہلی دستیاب فلائٹ سے دبئی پہنچ کر قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔
پی سی بی کے مطابق محمد وسیم جونیئر اب اپنا ری ہیب مکمل کریں گے۔ پی سی بی کا میڈیکل پینل اب انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل محمد وسیم جونیئر کی انجری کا دوبارہ جائزہ لے گا، جس کے بعد ان کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب، فاسٹ بولر حسن علی کو محمد وسیم جونیئر کے متبادل کی حیثیت سے دبئی میں قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کی اسکواڈ میں شمولیت ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے مشروط ہے۔ ای ٹی سی کی منظوری کے بعد حسن علی پہلی دستیاب فلائٹ پر دبئی روانہ ہوجائیں گے۔
ٹیم منیجمنٹ نے محمد وسیم جونیئر کی جگہ حسن علی کی اسکواڈ میں شمولیت کی درخواست کی تھی جسے چیف سلیکٹر نے منظور کرلیا۔
حسن گزشتہ تین ہفتوں سے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں بولنگ کررہے ہیں، وہ فی الحال نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلئے راولپنڈی میں موجود ہیں۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 27 اگست سے ہو رہا ہے، پاکستان اپنا پہلا میچ 28 اگست کو روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔