نشریاتی حقوق کسی اور چینل کو کیوں دئیے، پی ٹی وی نے چیئرمین پی سی بی کو قانونی نوٹس بھیج دیا

6  دسمبر‬‮  2021

پاکستان ٹیلی ویژن نے حالیہ قومی کرکٹ سیریز کے نشریاتی حقوق کسی دوسرے چینل کو دینے کی وجہ سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

پی ٹی وی کے قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ  کے درمیان نشریاتی حقوق کا معاہدہ 16 ستمبر 2020ء  کو ہواتھا،  لیکن پی ٹی وی  کی جانب سے معاہدے کی مکمل پیروی کے باوجود پی سی بی نے نشریاتی حقوق کا معاہدہ نجی سپورٹس چینل سے کر لیا، اور اس کے متعلق کوئی پیشگی وجوہات بھی بیان نہیں کی گئیں، اور نہ ہی کوئی نوٹس دیا گیا۔

نوٹس کے مطابق معاہدے کی منسوخی کے بعد  ہم نے پی سی بی کے اس غیرقانونی اقدام کو لاہور کے سینئر سول جج کی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے حکم امتناع کی درخواست دی، تاکہ پی سی بی کو کسی اور فریق سے معاہدہ کرنے سے روکا جا سکے، جس سے  وہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو طرفہ سیریز سمیت دیگر  سیریز کے نشریاتی حقوق کسی اور میڈیا گروپ کو نہ دیں۔عدالت نے اس معاملے پر حکم امتنازع جاری کردیا، اور پی سی بی نے ہماری درخواست کے خلاف اپیل بھی دائر کر دی،  جسے عدالت نے ہمارے حق میں خارج کر دیا تھا۔ پی ٹی وی کے نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کے بعد پی سی بی نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جہاں اس مقدمے کی  مزید سماعت 22 دسمبر 2021ءکو ہو گی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نشریات کیلئے ایک اور معاہدہ کرنے والا ہے،  جو توہین عدالت کے زمرے میں آئے گا۔ قانونی نوٹس میں چیئرمین پی سی بی پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عدالت کے حکم امتناع پر عمل کریں، ورنہ انہیں قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved