میرٹ پر کیس چلے تو شہبازشریف 25 سال کیلئے جیل جا سکتے ہیں، فواد چوہدری

28  ستمبر‬‮  2021

آج وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ممیڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا میں شہباز شریف کی بریت کی خبریں  غلط رپورٹنگ کا نتیجہ ہے، شہباز شریف کے کیسز پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر میرٹ کی بنیاد پر روزانہ کیس چلے تو شہباز شریف اگلے چھ مہینوں میں کم از کم 25 سال کیلئے جیل جا سکتے ہیں۔

انتخابی اصلاحات پر پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن کی گفتگو خوش آئند ہے

انتخابی اصلاحات پر حکومتی موقف کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج تک کسی حکومت نےبھی انتخابی اصلاحات پر زور نہیں دیا، یہ صرف عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت ہے جو اس معاملے کو آگے لے کر چلنا چاہتی ہے ، پارلیمان میں حکومت اور اپوزیشن نمائندوں کے درمیان انتخابی اصلاحات پر گفتگو ہوئی ہے جو کہ خوش آئند امر ہے، اسے جاری رہنا چاہیے۔

سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا انتخابی اصلاحات کا بنیادی جزو ہو گا

انتخابی اصلاحات پر گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ معیشت چلانے میں سمندر پار پاکستانیوں کا بڑا ہاتھ ہے اور انہی کی بدولت ہم آج کے حالات کا بھی مقابلہ کررہے ہیں، اگر ہم انہیں ہی اپنے سیاسی نظام سے نکال دیں گے تو یہ بہت زیادتی ہو گی لہٰذا وزیراعظم نے حکومتی وزراءکو ہدایت کی ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے  استعمال کے متعلق اپوزیشن کے ساتھ بنیادی امور کے طور پر بات کریں۔اپوزیشن کے ساتھ بات چیت میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا انتخابی اصلاحات کا لازمی حصہ ہوگا اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال بھی بہت اہم ہے کیونکہ انتخابات میں 70 فیصد معاملات پولنگ کے وقت کے خاتمے اور نتائج سامنے آنے کے دوران ہوتے ہیں اور اسی پر تنازعات ہوتے ہیں۔ حکومت انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا خیرمقدم کرتی ہے  لیکن یہ بات چیت وقت ضائع کرنے کیلئے نہیں بلکہ معاملات کو آگے بڑھانے کیلئے ہونی چاہیے اور بات چیت کے عمل کو منطقی انجام تک بھی پہنچانا چاہیے۔ہم پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کریں گے اور جوائنٹ سیشن میں اپنا ایجنڈا لے جانے کیلئے اور اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے بھی تیار ہیں۔

روئیت ہلال کیلئے نجی سطح پر چاند کا اعلان کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے

روئیت ہلال کمیٹی کے متعلق کی گئی قانون سازی کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نےنجی سطح پر چاند کے اعلان پر پابندی عائد کردی ہے اورصرف حکومت یا رویت ہلال کمیٹی کی طرف سے اعلان کو ہی حتمی تصور کیا جائے گا۔

بلند عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کریں گے

ملک میں ہائی رائز بلڈنگز کی ضرورت کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کی تجویز ہے کہ جن شہروں میں ایئرپورٹس ہیں ان کے نزدیک این او سی کی شرط ختم کی جائے  اور لوگوں کو راغب کیا جائے کہ وہ بڑے گھر بنانے کی بجائے بڑی عمارتیں بنائیں تاکہ شہر بے ہنگم طریقے سے نہ پھیلیں اور ہم بلند عمارتوں کے شہر بنا سکیں، حکومت کی کوششوں کے باوجود ابھی تک اس معاملے پر عملدرآمد نہیں ہورہا اور بلند عمارتیں اتنی نہیں بن رہیں جتنی بننی چاہئیں ،اس کیلئےکابینہ کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ وہ پتا لگا سکے کہ ایسا کیوں نہیں ہو پا رہا۔

191 ممالک کیلئے ای ویزا کی سہولت دستیاب ہو گی

الیکٹرانک ویزا کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ای ویزا کی سہولت پہلے صرف 50 ملکوں کیلئے تھی لیکن اب اس میں توسیع کر دی گئی ہے جس کے بعد اب یہ سہولت 191 ممالک کے شہریوں کو دستیاب ہو گی ۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved