چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے نیٹو کے سربراہ سٹولٹن برگ سے ویڈیو لنگ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا پیسیفک کیلئے کوئی نیا فوجی بلاک قائم کرنے کی ضرورت نہیں۔بڑے ممالک کو ایسی محاذ آرائی سے اجتناب کرنا چاہیے جو نئی سرد جنگ کو مزید ہوا دینے کا سبب بنے۔ چینی وزیر خارجہ کا نیٹو اتحاد کے متعلق کہنا تھا کہ نیٹو اپنی جغرافیائی حدود تک محدود رہتے ہوئے علاقائی امن ، استحکام اور ترقی میں تعمیری کردار ادا کرے۔ نیٹو کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے لیکن یہ برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہو گا۔
اس موقع پر نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے کہا کہ نیٹو اتحاد چین کو دشمن کے طور پر نہیں دیکھتا، ہم پیشگی شرائط کے بغیر باہمی احترام کی بنیاد پر چین کے ساتھ تعمیری تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بات چیت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔