ایشیا کپ:پاکستان کی تباہ کن بولنگ، ہانگ کانگ کی ٹیم 38 رنز پر ڈھیر۔

2  ستمبر‬‮  2022

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے ناک آؤٹ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کا کوئی بھی بیٹر قومی فاسٹ بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔پوری ٹیم صرف  38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔

شارجہ میں کھیلےگئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے ، محمد رضوان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔قومی ٹیم نے آخری اوور میں خوشدل کے 4 چھکوں کی بدولت 29 رنز اسکور کیے۔

ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا،13 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

تاہم ایک وکٹ گرنے کے بعد محمد رضوان اور فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی اور دونوں کے درمیان 116 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر فخر 41 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے اختتامی اوورز میں محمد رضوان اور خوشدل شاہ نے تیز ی سے رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 20 اوورز میں 193 رنز تک پہنچایا۔

خوشدل شاہ نے اننگز کے آخری اوور میں 4 چھکے لگائے، وہ 15 گیندوں پر 35 رنز جبکہ رضوان 57 گیندوں پر 78 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے احسان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ٹی ٹوئنٹی میچز میں 5 ہزار رنز مکمل ہوگئے۔

محمد رضوان نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کیخلاف اننگز میں 48 واں رن لے کر یہ سنگ میل عبور کیا، محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پانچ ہزار رنز مکمل کرنے والے ساتویں پاکستانی ہیں۔

پاکستان اور ہانگ کانگ کو اپنے پہلے گروپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم آج کا یہ میچ ناک آؤٹ ہے، جیتنےوالی ٹیم سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرے گی جبکہ ہار کی صورت میں اس ٹیم کا ایشیا کپ 2022 کا سفر ختم ہوجائے گا۔

دونوں ٹیموں نے آج کے میچ کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔

دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔

بھارت گروپ اے سے جبکہ افغانستان اور سری لنکا گروپ بی سے پہلے ہی سپر فور مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔سپر فور کی چوتھی ٹیم کا فیصلہ آج پاکستان اور ہانگ کانگ کے ناک آؤٹ میچ کے بعد ہوجائے گا۔

سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved