ایشیا کپ کے گروپ مرحلے کے بعد سپر فور مرحلے میں بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
ایشیا کپ کے گروپ میچ میں بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم اب دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں اور دونوں ٹیمیں کل بروز اتوار ایک بار پھر دبئی میں ٹکرا ئیں گی۔
سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ سے قبل پاکستانی ٹیم آج آرام کرے گی، آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں آج پاکستانی ٹیم کا ٹریننگ سیشن شیڈولڈ نہیں ہے۔ قومی کھلاڑی مقامی ہوٹل میں جم اور پول ایکسرسائز کریں گے۔
پاکستان کے خلاف اہم میچ میں بھارت کو آل راؤنڈر رویندرا جدیجا دستیاب نہیں ہوں گے، جدیجا گُھٹنے کی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے، بھارت کے خلاف میچ میں وہی پلیئنگ الیون ہو گی جو پہلے دو میچز میں تھی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کے فٹ ہونے کے باعث ٹیم مینجمنٹ ابھی ٹیم کی تبدیلی کے حق میں نہیں ہے۔