قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف محمد نواز کو اوپر بھیجنے اور محمد رضوان سے متعلق بات کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ محمد رضوان ایک منفرد کردار ہیں ان کا یقین اللہ پر ہے وہ ٹیم کے لیے اپنی 100 فیصد کارکردگی دیتے ہیں اور پھر باقی چیزیں اللہ پر چھوڑ دیتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ محمد رضوان انجری یا پرفارمنس سے متعلق نہیں سوچتے، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ بس 100 فیصد کارکردگی دیں کیوں کہ ہوناوہی ہے جو اللہ نے لکھا ہے، وہ مثبت انسان ہیں اور مثبت چیزوں سے متعلق سوچتے اور کرتے ہیں۔
دوسری جانب محمد نواز کو فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھیجنے سے متعلق بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف 6 ، 7اوورز ہونے کے بعد لیفٹی اور رائٹی کمبینیشن قائم رکھنے سے متعلق سوچا تھا کیوں کہ ہم دیکھ چکے تھے بھارت کو فخر اور رضوان کا کمبینیشن پریشان کررہا ہے اس لیے نواز کو بھیجا۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ محمد نواز کو کہا تھا کہ اپنی گیم کھیلیں اور وہ بغیر کسی پریشر کے کھیلے ، محمد نواز کو لیفٹ ہینڈ بیٹر کے طور پر بھیجا لیکن اس نے پلان کے مطابق کھیل پیش کیا، محمد نواز کو بیٹنگ اس نمبر پر مل نہیں رہی تھی لیکن جب ملی تو اچھا پرفارم کیا۔