پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم بیٹر فخر زمان گھٹنے کی انجری کا لندن میں علاج کرائیں گے۔
اس حوالے سے ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بیٹر فخر زمان جمعے کو لندن روانہ ہوں گے، پی سی بی نے لندن میں فخر زمان کیلئے ڈاکٹرز سے وقت لے لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق فخر زمان ایشیاء کپ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، لندن میں فخر زمان ڈاکٹر امتیاز اور ڈاکٹر ظفر کی نگرانی میں ری ہیب کرائیں گے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس میں بہتری آئی ہے، شاہین آفریدی کا ری ہیب ٹریک کے مطابق ہے، ورلڈ کپ سے قبل شاہین آفریدی کی فٹنس کی مکمل بحالی کیلئے پر امید ہیں۔
ترجمان پی سی بی نے شاہد آفریدی کی جانب سے دئیے گئے بیان کی وضاحت میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے میڈیکل اور ری ہیب کے تمام انتظامات کرتا ہے۔
یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی انجری سے نجات کیلئے اپنے خرچے پر انگلینڈ گئے ہیں،ان کا ڈاکٹر سے رابطہ بھی میں نے یہاں سے کروایا تھا، اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کچھ نہیں کر رہا۔