امریکی کمپنی ایپل، آئی فون کی پروڈکشن روکنے پر مجبور ہو گئی ہے، جس کی وجہ چپس کا بحران بتایا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین نےایپل کو آئی فون میں استعمال ہونے والی چپس کی سپلائی روک دی ہے، جس کے باعث ایپل کو کئی روز تک پروڈکشن کو روکنا پڑا۔
عالمی میڈیا کے مطابق چین کی جانب سے چپس فراہم نہ کرنے کی وجہ چین میں توانائی کا بحران بتایا گیا ہے، جس کے باعث چین میں پروڈکشن اور ایپل کمپنی کو چپس کی سپلائی کا عمل متاثرہوا۔
ایپل نے چپس کی قلت کے باعث اکتوبر 2021ء میں آئی فون 13 کی پروڈکشن میں کمی کا اعلان کیا تھا، اس کے علاوہ نومبر 2021ء میں بھی آئی فون 13 کی پروڈکشن کیلئے آئی پیڈ کی تیاری کو روکا گیا، لیکن اس کے باوجود چپس کے بحران کے باعث مجموعی پروڈکشن کو روکنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق ایپل نے 2021ء میں آئی فون 13 کے ساڑھے 9 کروڑ یونٹس کا ہدف طے کیا تھا مگر دسمبر 2021ء کے آغاز میں اس کی پروڈکشن کو ساڑھے 8 کروڑ تک محدود کردیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر میں آئی فون 13 کی پروڈکشن ابتدائی ہدف سے 20 فیصد کم رہی، جبکہ دوسری جانب پرانے آئی فونز کی پروڈکشن میں 25 فیصد کمی آئی۔ اب بھی حالیہ قلت کے باعث آئی فون پرانے ماڈلز کی پروڈکشن کو روکنے پر مجبور ہوا ہے۔