معروف پاکستانی فلم ساز سید نور نے اداکارہ صائمہ سے اپنی شادی کو ایک دہائی تک خفیہ رکھنے کی وجہ بتا دی۔سید نور نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اداکارہ صائمہ سے اپنی شادی کے بارے میں بھی بات کی۔
تفصیلات کے مطابق اُنہوں نے شو میں پہلی بار اعتراف کیا کہ میں نے اداکارہ صائمہ سے شادی کی بات کو ایک دہائی تک خفیہ رکھا تھا۔ فلم ساز نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان دونوں کے خاندان اس شادی کے خلاف تھے اور اس شادی کو ختم کروانے کی کوششیں بھی کرتے رہے۔سید نور نے بتایا کہ میری پہلی اہلیہ رخسانہ نور گھریلو خاتون تھیں، میں خود اُنہیں فلموں میں لایا اور اہلیہ نے فلموں کے لیے جتنے بھی گانے لکھے وہ بے حد مقبول ہوئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب میری اہلیہ رخسانہ کو صائمہ سے میری شادی کا علم ہوا تو وہ ناراض ہوگئیں مگر پھر مان بھی گئیں اور میری دوسری شادی کو سب سے پہلے رخسانہ نے ہی قبول کیا۔اُنہوں نے صائمہ سے شادی اور محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صائمہ کو دیکھتے ہی مجھے اُن سے محبت ہوگئی تھی مگر اس محبت کا اظہار کئی سال بعد کیا۔
سید نور نے یہ اعتراف بھی کیا کہ میری اور صائمہ کی شادی 1998ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’چوڑیاں‘ کے فوراً بعد ہو گئی تھی مگر ہم نے اس شادی کو 2007ء تک خفیہ رکھا۔