کترینہ کیف اور وکی کوشال نے راجستھان کے نجی پیلس میں شادی کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وکی اور کترینہ نے آج سہہ پہرشادی کے سات پھیروں کی رسم مکمل کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی شادی کی تقریبات راجستھان کے سکس سینز ریزورٹ میں 7 دسمبر سے جاری تھیں، جن میں 100 سے 120 شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مختلف مذاہب سے تعلق ہونے کے باعث دونوں نے 5 دسمبر کو ممبئی کی عدالت میں میرج ایکٹ 1954ء کے تحت ہی شادی کی تھی، جو کہ دو مختلف مذاہب کے لوگوں کی شادی کو قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
وکی کوشال ہندو مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ کترینہ کیف مسلمان ہیں، دونوں نے کورٹ میرج کرنے کے بعدآج یعنی 9 دسمبر 2021ء کوکو ہندو رسومات کے تحت شادی کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی شناخت بھی صیغہ راز میں رکھی گئی، جس کیلئے ہوٹل انتظامیہ کو مہمانوں کے ناموں کے بجائے کوڈز الاٹ کرنے کو پابند کیا گیا تھا۔
شادی میں شرکت کیلئے نو موبائل فون پالیسی لاگو کی گئی تھی، جبکہ مہمانوں کو شادی میں شرکت ظاہر نہ کرنے، فوٹو گرافی نہ کرنے، تصاویر اور لوکیشن سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کا بھی پابند کیا گیا تھا۔