وزیراعظم شہباز شریف کی پیراسیٹامول بنانے والوں کو سبسڈی دینے کی ہدایت

21  ستمبر‬‮  2022

حکومت پیناڈول اور پیراسٹامول بنانے والوں کو سبسڈی فراہم کرے گی تاکہ لوگوں کیلئے ان ادویات کو قابل استطاعت بنایا جا سکے۔

 وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی مختلف سرگرمیوں کے جائزہ کیلئے زوم اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر احسن چیمہ اور دیگر متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں اشیائے خوردونوش، خیموں اور ادویات کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں ضروری اشیائے خوردونوش خصوصاً بچوں کی خوراک کی تقسیم کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے تباہ کن سیلاب میں تباہ ہونے والی سڑکوں، ریلوے نظام، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی بحالی کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو جلد از جلد فعال کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم ان دنوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں ہیں جو 20 سے 26 ستمبر تک ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت پیناڈول اور پیراسیٹامول بنانے والوں کو سبسڈی فراہم کرے تاکہ عوام کو اس دوا کی قلت اور زیادہ قیمت کا سامنا نہ ہو۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved