ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے صوبائی محکمہ صحت کو لکھے گئے خط میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 3 مزید مشتبہ کیسز کی ہسپتال میں زیرعلاج ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اومیکرون کیسز سے متعلق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے خط میں کہا گیا ہے کہ نجی ہسپتال میں کورونا کے 4کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ غیر ویکسین شدہ 65سالہ خاتون میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے، اور متاثرہ خاتون کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی نہیں ہے۔خط میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون کو ہسپتال سے ڈسچارج کر کے گھر پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے، جبکہ اومیکرون کے 2 مشتبہ کیسزہسپتال میں اور ایک گھر پر قرنطینہ میں ہیں۔ ان میں سے 61سالہ ایک شخص ویکسی نیٹد ہے جبکہ 80 اور 55 سالہ مشتبہ افراد نے ویکسین نہیں لگوائی ہوئی۔
دوسری جانب قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں سامنے آنے والے مشتبہ اومیکرون کیسز میں اس ویریئنٹ کی تصدیق کیلئے جینوم کونسنگ کے بعد کی جا سکتی ہے، ابھی ان کے اومیکرون سے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔