7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-3 سے برابر کردی۔
پاکستان کا 170 رنز کا ہدف انگلش بیٹرز نے صرف 15 ویں اوورمیں پورا کرلیا، فل سالٹ نے 41 گیندوں پر 88 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 169رنز بنائے، بابر اعظم 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے کافی جارحانہ آغاز کیا، انگلش ٹیم نے پہلی پاور پلے (6 اوورز) میں ایک وکٹ کے نقصان پر 82 رنز بنائے۔
یہ پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی میچ کی پہلی پاور پلے میں سب سے زیادہ بنایا جانے والا اسکور ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ایلکس ہلیز27 اور ڈیوڈ ملان 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اوپنر فل سالٹ نے 41 گیندوں پر 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کو 15 ویں اوور میں ہی کامیابی دلوا کر سیریز 3-3 سے برابر کردی۔
اس کے علاوہ بین ڈکٹ نے 16 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کے پہلے مرحلے کے چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے جس میں سے دو میں پاکستان اور دو میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی جبکہ لاہور میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں گرین شرٹس نے 6 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔