بولی وڈ:اداکاررشی کپوربھی67سال کی عمرمیں چل بسے

16  جون‬‮  2021

انہیں گزشتہ روز سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا
بولی وڈکے مشہور اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔رشی کپور کے گھروالوں نے ایک بیان میں اس کی تصدیق کی ہے۔ بیان میں کہاگیاہے کہ ہمارے پیارے رشی کپور لیوکمیا سے 2 سال تک لڑنے کے بعد آج صبح 8 بج کر 45 منٹ پر ہسپتال میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے، ہسپتال کے ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف کے مطابق رشی کپور نے آخری لمحے تک انہیں محظوظ کیا۔ اہلخانہ کے مطابق رشی چاہتے تھے کہ اس دنیا سے گزر جانے کے بعد بھی مداح انہیں آنسو بہا کر نہیں مسکرا کر یاد کریں۔ بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں گزشتہ روز سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ اکتوبر 2018 میں رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات منظر عام پر آئی تھیں جس کے علاج کے لیے وہ امریکا گئے تھے تاہم اس وقت انہوں نے اپنی

بیماری کی تصدیق نہیں کی تھی۔ جنوری 2019 میں ان کے بھائی رندھیر کپور نے ان کے امریکا میں زیر علاج ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم بیماری کے حوالے سے اس وقت بھی نہیں بتایا گیا تھا۔ ایک سال قبل اپریل میں فلم ساز راہول راویل نے بتایا تھا کہ رشی کپور کینسر کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے ہیں۔ رشی کپور نے لیلیٰ مجنوں، قلی،چاندنی، حنا، سرگم، بول رادھا بول اور متعدد سپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے 150 سے زائد فلموں میں کام کیا اور انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1970 میں راج کپور کی فلم ’میرا نام جوکر‘ سے کیا جس میں انہوں نے اپنے والد کے ہی بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے فلم ’بابی ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا جس سے انہوں نے شہرت کی بلندیاں کو چھوا۔ رشی کپور نے آخری مرتبہ 2018 میں فلم ’102‘ میں اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد سے ان کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved