موت دم گھٹنے سے ہوئی،34سالہ اداکارڈپریشن کاشکارتھے بولی وڈاداکارسشانت سنگھ راجپوت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق پھندے کی وجہ سے اداکار کا دم گھٹا جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔ساتھ ہی بتایا گیا کہ اداکار کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کیا گیا جو منفی آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی لاش سے کچھ نمونے لےکر فورینزک ٹیسٹ کے لئے بھجوائے گئے ہیں جن کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کی آخری رسومات 15 جون کو ممبئی میں ادا کی جائیں گی اور ان کے دیگر اہل خانہ ریاست بہار سے ممبئی پہنچ چکے ہیں۔ یادرہے 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کی دوپہربھارتی شہر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع پر جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد ہی بتایا تھا کہ اداکار نے خودکشی کی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
سشانت سنگھ راجپوت نے ممبئی کے پرتعیش علاقے ویسٹ باندرا میں اپنے فلیٹ میں دوستوں اور ملازمین کی موجودگی میں اپنے کمرے کا دروازہ بند کرکے خودکشی کی تھی۔ ان کے ساتھ فلیٹ میں موجود افراد نے بتایا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کی صبح 10 اٹھے اور جوس پینے کے بعد واپس اپنے کمرے میں چلے گئے اور دروازہ اندر سے بند کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب 12 بجے تک اداکار باہر نہیں آئے تو انہوں نے ان کا دروازہ بجایا مگر دروازہ نہ کھولنے پر انہوں نے پولیس کو بلالیا اور ساڑھے 12 سے 12 بج کر 45 منٹ کے درمیان انہوں نے دروازہ توڑا تو اداکار کو پھندے میں لٹکا ہوا پایا۔ اداکار کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھیج دیا تھا اور رات دیر گئے ہسپتال انتظامیہ نے اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کردی۔ سشانت سنگھ راجپوت کا تعلق ریاست بہار کے شہر پٹنہ سے تھا، وہ ممبئی میں اکیلے رہتے تھے، ان کی چار بہنیں ہیں جن میں سے ایک ریاست بہار کی کرکٹ ٹیم کے لئے کھیلتی ہیں۔ پولیس کو تاحال ان کی رہائش گاہ سے ان کی جانب سے لکھا جانے والا کوئی آخری خط نہیں ملا تاہم پولیس کو ان کی رہائش گاہ سے ان کے علاج و معالجے کے دستاویزات ملے ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔ اداکار کے قریبی دوستوں کے ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے ڈپریشن اور ذہنی دبائو کا شکار تھے، تاہم ان کی پریشانی میں کورونا کے باعث لاک ڈائون ہونے کے باعث اضافہ ہوا۔ یہ واضح نہیں کہ انہیں کن مسائل کی وجہ سے ڈپریشن تھا اور نہ ہی ان کی مالی حالت خراب ہونے کی کوئی اطلاعات ہیں۔ سشانت سنگھ راجپوت نے کیریئر کا آغاز 2008 میں ٹی وی سے کیا تھا تاہم انہوں نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا ، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔ سشانت سنگھ راجپوت کی فلموں میں کائی پو چے، شدھ دیسی رومانس، پی کے، ڈیٹیکٹو بایو مکیش بخشی، ایم ایس دھونی: دی یونائیٹڈ سٹوری، رابطہ، ویلکم ٹو نیویارک، کیدرناتھ، سون چڑیا، چھچھورے اور ڈرائیو شامل ہیں۔ سشانت سنگھ راجپوت کو ان کے 12 سالہ کیریئر کے دوران 20 کے قریب ایوارڈز کے لئے نامزد کیا گیا اور انہوں نے 9 ایوارڈز جیتے، انہوں نے بہترین ڈیبیو اداکار، بہترین پاپولر اداکار اور بہترین اداکار کے فلم فیئر، سکرین ایوارڈ اور زی سائن ایوارڈز جیتے۔ ان کی ہلاکت پران کے چاہنے والوں میں غم اورافسوس کی لہردوڑگئی اوروہ سوشل میڈیاپراپنے دکھ کااظہار کررہے ہیں۔