پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہم کسی کو جواب دہ نہیں ہیں، ہم کرکٹ کھیلتے ہیں اور جو ہمارا کام ہے اس کو اچھے طریقے سے کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ جیتنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ جو سوال کرتے ہیں اگر وہ پاکستان کے لیے سوچ رہے ہیں تو ہم انہیں سلیوٹ کرتے ہیں۔محمد رضوان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سب پازیٹو اور پاکستان کے لیے سوچ رہے ہیں، جو سوال اٹھاتے ہیں ان کے دل میں بھی پاکستان کا درد ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر نے مزید کہا کہ یہ ایک بہت اچھی چیز ہے کہ سیریز کے آغاز میں جیت ملی، ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں، ہر جیت سے انرجی میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں کچھ مختلف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں، کل بہت سرد موسم تھا لیکن آج میچ ڈے پر کنڈیشنز نارمل تھیں، خوش قسمتی سے آج سورج نکلا ہوا تھا اور ہمیں کھیلنے کا موقع ملا۔
محمد رضوان نے کہا کہ پچ بہت اچھی اور بیٹنگ کے لیے سازگار تھی، ہم نے دس بارہ رنز کم کیے تھے، بولروں نے اچھی بولنگ کی اور اس لیے ہم آسانی سے میچ جیت گئے۔محمد رضوان نے مزید کہا کہ کل کے میچ کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا کل ہم آئیں گے اور کنڈیشنز کے مطابق فیصلہ کریں گے، دیکھیں کل کیا کنڈیشنز ہوتی ہیں کیونکہ کل میچ نائٹ میں کھیلا جائے گا۔