آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل کپتانوں کی پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی کپتان روہت شرما نے گفتگو کی۔
پریس کانفرنس کے دوران دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے متعلق بات چیت کی جس میں انہوں نے ایشیا کپ میں ایک دوسرے سے ملاقات کے بارے میں بتایا اور ساتھ یہ بھی بتایا کہ پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز آپس میں ملاقات کے وقت کیا بات چیت کرتے ہیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں سے ملتے ہیں تو فیملی کے بارے میں پوچھتے ہیں،پوچھتے ہیں کہ زندگی اور گھر میں کیا چل رہا ہے، زندگی کیسی گزر رہی ہے؟ کون سی نئی گاڑی خریدی؟ یہ سب باتیں ہوتی ہیں۔
اس موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ روہت شرما عمر میں مجھ سے بڑے ہیں، کرکٹ میں ان کی خدمات ہیں اور یہ کافی عرصے سے کھیل رہے ہیں، کوشش کرتے ہیں کہ ان سے تجربہ لیں۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرا 23 اکتوبر کو ہوگا۔