سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک 2015ء میں متعارف کرائے جانے والے انسٹنٹ آرٹیکلز فیچر کوآئندہ برس ختم کرنے جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بک کی پیرنٹ ٹیکنالوجی کمپنی میٹاکا کہنا ہے کہ یہ قدم اٹھائے جانے کی بنیادی وجہ اس کا ناکافی استعمال ہے۔ فیس بک کے ایک نمائندے کے مطابق فی الوقت فیس بک پر تین فی صد سے کم پوسٹ نیوز آرٹیکلز کے لنکس سے پوسٹ کی جاتی ہیں۔ اور رواں برس کے شروع میں جس طرح کہا گیا کہ کاروبار کے اعتبار سے ایسی چیزوں میں سرمایہ کاری کرنا معقول نہیں لگا جو صارفین کی ترجیحات نہیں ہوں۔
فیس بک انسٹنٹ آرٹیکل کے فیچر کو 2023ء کے اپریل کے وسط میں ختم کرنے کا ارادہ کر رہا ہے۔ایسے تقریباً 37 ہزار پیجز ہیں جو یہ فیچر استعمال کر رہے ہیں۔
فیس بک کی جانب سے انسٹنٹ آرٹیکلز فیچر استعمال کرنے والے صارفین کو مطلع کیا گیا ہے کہ اب کسی نئے صارف کو انسٹنٹ آرٹیکلز کیلئے رجسٹر نہیں کیا جائے گا، اور ابھی جو صارف یہ فیچر استعمال کر رہے ہیں، ان کے پاس بھی یہ سہولت اپریل 2023ء تک دستیاب ہو گی۔
واضح رہے یہ فیچر آئی فون یا اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں استعمال کئے جانے والے ویب براؤزر سے 4.9 گنا تیزی کے ساتھ آرٹیکلز کو لوڈ کرتے ہیں۔