ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں گروپ 1 کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔
افغانستان کی جانب سے دیا گیا 113 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پرتھ میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلش بولر سیم کرن افغانستان کی بیٹنگ لائن کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے، ان کی تباہ کن بولنگ کے باعث افغانستان کی ٹیم 112 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔تیز بولنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انگلینڈ نے افغانستان کے بیٹرز کو جم کر کھیلنے نہ دیا۔ابراہیم زادران کے 32 اور عثمان غنی کے 30 رنز کے علاوہ کوئی افغان بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
افغانستان کے آخری 5 کھلاڑی صرف تین رنز کے اندر پویلین لوٹ گئے۔انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن صرف 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں لے اُڑے، جبکہ مارک ووڈ اور بین اسٹوکس دو دو اور کرس ووکس نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹرز نے بھی ذمہ دارانہ آغاز کیا۔گو کے بعد میں وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تاہم اس کے ساتھ ساتھ رنز بھی بنتے رہے۔انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوز بٹلر اور ڈیوڈ ملان نے 18، 18 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ایلکس ہیلز نے 19 رنز بنائے۔بعد ازاں لیام لونگسٹن کے ناقابلِ شکست 29 رنز کی بدولت انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی، راشد خان، محمد نبی، مجیب الرحمان اور فرید احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔
انگلینڈ کے سیم کرن کو تباہ کُن بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ کو 2 قیمتی پوائنٹس بھی حاصل ہوگئے۔
افغانستان کی ٹیم میں حضرت اللّٰہ زازئی، وکٹ کیپر رحمٰن اللّٰہ گُرباز، ابراہیم زادران، نجیب اللّٰہ زادران، عثمان غنی، محمد نبی، عظمت اللّٰہ عمر زئی، راشد خان، فضل حق فاروقی، مجیب الرحمٰن اور فرید احمد ملک شامل ہیں۔انگلش ٹیم کپتان جوز بٹلر، ایلکس ہیلز، ڈاوڈ ملان، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لونگسٹن، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید اور مارک ووڈ پر مشتمل ہے۔اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو باآسانی 89 رنز سے ہرا دیا۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں201 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 17.1 اوور میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔