بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر اور انتہاپسند بی جے پی کے رہنما گوتم گھمبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی سطح پر باہمی سیریز نہیں ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت مقابلے سے قبل بھارتی ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گھمبیر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایشیاء کپ بھارت اگر پاکستان نہیں جاتا تو بی سی سی آئی کا فیصلہ ہے، میں نہیں سمجھتا کہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی سطح پر باہمی سیریز ہونی چاہیئے۔
گوتم گھمبیر نے کہا کہ جب بارڈر پر ہمارے فوجی مارے جارہے ہوں تو ہم کیسے میچ کھیل سکتے ہیں، میرے جواب پر کچھ ضرور سوال اٹھائیں گے کہ آپ نے کیوں ایشیاکپ میں وقار اور وسیم اکرم کے ساتھ کمنٹری کی، جس پر انہوں نے کہا کہ میرے بس میں ہوتا تو وہ میں نہیں کرتا۔
اس موقع پر بھارتی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان کا بھی یہی کہنا تھا کہ دیش پہلے اور کرکٹ بعد میں ہے۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ 2023ء کے ایشیاء کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، جس کے ردعمل میں پاکستان نے بھی واضح موقف اپناتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئی تو ہماری ٹیم بھی آئندہ ورلڈ کپ کیلئے بھارت نہیں جائے گی۔