پاکستان کی سعودی عرب میں دہشت گردانہ کاروائیوں کی مذمت

25  اکتوبر‬‮  2022

پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے خلاف ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ یمن میں پرامن تصفیہ کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان نے یمن میں تنازعہ کے تمام فریقین پر مسلسل زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مخاصمت کے خاتمے کے لیے پرامن اور بامعنی مذاکرات میں حصہ لیں۔

ترجمان نے کہا کہ سال رواں کے شروع میں طے پانے والی جنگ بندی کے نتیجے میں نسبتاً امن قائم کیا جس کا فائدہ ہوا تاہم یہ افسوسناک ہے کہ حوثیوں کی جانب سے جنگ بندی کی تجدید نہیں کی گئی جو یمن کے عام باشندوں کے لیے مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گا اور ممکنہ طور پر پائیدار امن کے حصول کی تمام کوششوں کو پٹڑی سے اتار دے گا۔

ترجمان نے اپنے بیان میں ایک بار پھر حوثیوں پر زور دیا کہ وہ عسکری سرگرمیاں اور دہشت گردانہ کارروائیاں بند کریں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی بنیاد پر تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ بات چیت میں شامل ہوکر اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی تجدید کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنگ کا کوئی مقصد نہیں ہے اور تمام مسائل پرامن بات چیت کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس راستے کو جلد اپنانے سے ہزاروں معصوم جانیں بچ جائیں گی اور یمنی عوام کے مستقبل کی حفاظت ہوگی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved