ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلی کامیابی، نیدر لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست

30  اکتوبر‬‮  2022

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے  نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پرتھ میں ہونے والے اس اہم میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر قومی کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

 نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اورنسیم شاہ نے ایک ایک، وسیم جونیئر نے دو جب کہ شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹورنامنٹ کی پہلی وکٹ اوپنر اسٹیفن مائیبرگ کی صورت میں حاصل کی۔

پاکستان نے 92 رنز کا ہدف 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا، پاکستان کے کپتان بابر اعظم 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جب کہ فخر زمان نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ محمد رضوان 49 اور شان مسعود 12 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، مڈل آرڈر بیٹر حیدر علی کی جگہ فخر زمان پلیئنگ الیون کا حصہ بن گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ٹیم میں کپتان بابر اعظم ، نائب کپتان شاداب خان ، محمد رضوان،شان مسعود، افتخار احمد ، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر،شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے، قومی ٹیم کو ابتدائی دو میچز میں  بھارت اور زمبابوے  کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved