آسٹریلیا کی فتح کے بعد گروپ ون سے کون سیمی فائنل کھیلے گا؟

31  اکتوبر‬‮  2022

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون کے میچ میں آج دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو باآسانی 42 رنز سے شکست دی اور پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
آسٹریلیا نے اپنے 5 میں سے چار میچز کھیل لیے ہیں، دو فتوحات ، ایک شکست اور ایک بے نتیجہ میچ کے بعد آسٹریلیا کے 5 پوائنٹس ہیں، نیوزی لینڈ کے بھی پانچ پوائنٹس ہیں تاہم وہ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پہلی پوزیشن پر ہے۔اس وقت گروپ ون کی صورتحال یہ ہے کہ تمام ہی ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر سکتی ہیں۔

آسٹریلیا
آسٹریلیا کو اپنا آخری میچ افغانستان کیخلاف کھیلنا ہے اور فتح کی صورت میں آسٹریلیا سیمی فائنل کا مضبوط امیدوار بن جائے گا۔

آئرلینڈ
گروپ ون میں موجود آئرلینڈ کی امیدوں کو آسٹریلیا سے شکست کے بعد دھچکہ لگا ہے تاہم وہ اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔ آئرلینڈ کا آخری میچ مضبوط حریف نیوزی لینڈ سے ہے، سیمی فائنل کی امید روشن رکھنے کیلئے آئرلینڈ کو یہ میچ بھاری مارجن سے جیت کر رن ریٹ بہتر کرنا ہوگا اور اس کے بعد اسے دیگر ٹیموں کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔

نیوزی لینڈ
گروپ ون کی اب تک واحد ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ ہے، تین میچز کے بعد وہ 5 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، آسٹریلیا کیخلاف 89 رنز اور سری لنکا کیخلاف 65 رنز سے کامیابی نے نیوزی لینڈ کا رن ریٹ دیگر ٹیموں سے کافی بہتر کردیا ہے۔ افغانستان کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ ایک قیمتی پوائنٹ سے محروم ضرور ہوا ہے تاہم +3.850 کا رن ریٹ اس کیلئے بونس ہے۔

موجودہ صورتحال کی بنیاد پر تجزیہ کریں تو گروپ ون کی تمام ہی ٹیموں کے پاس نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑنے کا موقع موجود ہے لیکن ایسا ہونا بہت ہی مشکل ہے، اگر یہ کہا جائے کہ نیوزی لینڈ اپنا ایک پاؤں سیمی فائنل میں رکھ چکا ہے تو غلط نہ ہوگا اور انگلینڈ کیخلاف میچ جیت کر کیویز باضابطہ طور پر اگلے مرحلے میں کوالیفائی کر جائیں گے۔

انگلینڈ
بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گروپ ون کی دوسری ٹاپ ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ ٹاپ پوزیشن کیلئے انگلینڈ بھی مضبوط امیدوار ہے۔

آسٹریلیا نے اپنے آخری میچ میں افغانستان کو شکست دے دی تو اس کے 7 پوائنٹس ہوجائیں گے ایسی صورت میں انگلینڈ کو اپنے دونوں میچز (سری لنکا اور نیوزی لینڈ کیخلاف) جیتنے ہوں گے جس کے بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا کے 7،7 پوائنٹس ہوجائیں گے اور فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔ آسٹریلیا افغانستان سے جیت گیا اور انگلینڈ اپنا ایک بھی میچ ہارا تو انگلینڈ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔

سری لنکا
سری لنکا نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں اور 2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ سری لنکا کے اگلے دو میچز افغانستان اور انگلینڈ سے ہیں۔ سری لنکا کو سیمی فائنل کی امیدیں برقرار رکھنے کیلئے یہ دونوں میچز بھاری مارجن سے جیتنے ہوں گے تاکہ اگر معاملہ رن ریٹ پر جائے تو انہیں فائدہ ہو۔

افغانستان
افغانستان کے اس وقت 3 میچز کے بعد 2 پوائنٹس ہیں اور اس کے اگلے دو میچز سری لنکا اور آسٹریلیا سے ہیں۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے افغانستان کو نہ صرف دونوں میچز بھاری مارجن سے جیتنے ہوں گے بلکہ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کی بھی دعا کرنی ہوگی۔

یکم نومبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کا نیتجہ گروپ 1 کی پوزیشن کافی حد تک کلیئر کردے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved