ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کا اعلان، 2 پاکستان کھلاڑی بھی شامل

14  ‬‮نومبر‬‮  2022

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کردیا جس کی قیادت عالمی چیمپئن انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کو دی گئی ہے جبکہ ٹیم میں دو پاکستانی کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

انگلینڈ نے گزشتہ روز ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی20 چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

اس ٹیم میں انگلینڈ کے چار، پاکستان اور بھارت کے دو جبکہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نیوزی لینڈ کا ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے۔

ٹیم کی قیادت جوز بٹلر کے سپرد کی گئی ہے جبکہ ان کے ساتھ ٹیم میں انگلینڈ کے ہی اوپنر ایلکس ہیلز کو رکھا گیا ہے۔

تیسرے اور چوتھے نمبر پر بھارت کے مایہ ناز بلے باز اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ویرات کوہلی اور ان کے ساتھی سوریا کمار یادیو موجود ہیں۔

کوہلی نے چار نصف سنچریوں کی مدد سے ایونٹ میں 296 رنز بنائے جبکہ سوریا نے 239 رنز کئے۔

نیوزی لینڈ کے گلین فلپس بھی اس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف مشکل وقت میں شاندار سنچری اسکور کی تھی۔

شاداب خان نے پاکستان کو فائنل میں پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا اور بلے سے 98 رنز جوڑنے کے ساتھ ساتھ اپنی باؤلنگ سے 11 کھلاڑیوں کو شکار کیا، ان کی اسی کارکردگی کی بدولت انہیں بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

اگر اس وقت ٹی20 کرکٹ میں دنیا میں نئی گیند سے سب سے بہترین باؤلر کی بات کی جائے تو بلاشبہ شاہین شاہ آفریدی ہی اولین انتخاب ہوں گے، ٹی20 کپ میں آمد سے قبل شاہین کی فٹنس پر سوالیہ نشان لگا ہوا تھا لیکن انہوں نے اہم لمحات میں قیمتی وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی فائنل میں رسائی کی راہ ہموار کی اور اسی وجہ سے انہیں اس فائنل کا حصہ بنایا گیا۔

بھارت کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اس ٹیم میں شامل 12ویں کھلاڑی ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved