انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی تازہ رینکنگ جاری کردی، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بدستور پہلی اور امام الحق دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
آئی سی سی نےتازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق بابراعظم 890 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، امام الحق 779 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، جنوبی افریقہ کے راسی وانڈرڈوسین 766 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ہی وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک 759 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی جبکہ ڈیوڈ وارنر ایک درجہ ترقی پا کر 747 پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ ٹاپ فائیو میں آ گئے ہیں، بھارت کے سٹار کرکٹر ویرات کوہلی ایک درجہ بہتری کے بعد 722 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد 719 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر چلے گئے۔
ون ڈے بائولرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے فاسٹ بائولر ٹرینٹ بولٹ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔ آسٹریلوی فاسٹ بائولر جوش ہیزل ووڈ دوسرے اور افغانستان کے مجیب الرحمان تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
مچل سٹارک چوتھے اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی پانچویں نمبر پر ہیں۔ ون ڈے آل رائونڈرز رینکنگ میں بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن پہلے، افغان کرکٹرز محمد نبی اور راشد خان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے آل رائونڈر شاداب خان ٹاپ ٹین میں شامل ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ وہ ایک درجے ترقی کے بعد 11 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔