کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر نےبھی گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے شہر جدہ میں کنسرٹ کیا ہے، جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
گذشتہ روز جسٹن بیبر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کنسرٹ میں شرکت کرنے پر سعودی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ 22 نومبر 2021ء کو سعودی عرب کے مقتول صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجہ چنگیز نے کینیڈین گلوکار سے کنسرٹ کی منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جمال خاشقجی کے قاتلوں کیلئے کنسرٹ نہ کریں، ان کا کہنا تھا کہ آپ کو کو چاہیے کہ آپ دنیا کو ایک واضح پیغام دیں کہ آپ کا نام اور آپ کا ٹیلنٹ ایسے ملک کیلئے نہیں ہے جہاں تنقید کرنے والوں کو قتل کر دیا جاتا ہو۔
یہ بھی واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار سلمان خان اور اداکارہ شلپا شیٹھی نے بھی رواں ہفتے سعودی شہر ریاض میں کنسرٹ کیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر سعودی حکومت کے دہرے معیار پر سخت تنقید کی گئی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے ایک طرف تبلیغی جماعت کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان کے سعودی عرب داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ دوسری جانب موسیقی کی محافل کھلے عام منعقد کرنا شروع کر دی گئی ہیں، اور سینماز بھی کھول دئیے گئے ہیں۔
اسی دہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے بڑی مقدار میں پوسٹ شیئر کیں، جس کے باعث یہ موضوع ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا۔