سکون کی خاطر شوبز چھوڑ کر اللہ سے رجوع کیا، اداکارہ صنم چوہدری

16  دسمبر‬‮  2021

اداکارہ صنم چوہدری نے کہا ہے کہ میری زندگی میں سب کچھ تھا، لیکن سکون نہیں تھا، میں نے سکون کیلئے شوبز سے کنارہ کشی کرتے ہوئے اللہ سے رجوع کیا۔

رواں برس اگست میں شوبز سے کنارہ کشی کرنے والی اداکارہ صنم چوہدری نے انسٹا گرام کے لائیو سیشن میں کہا کہ میرے پاس بہترین اداکارہ کا ایوارڈ موجود تھا، شادی ہو گئی، اولاد بھی ہو گئی، میرے پاس سب کچھ تھا، لیکن سکون نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس پر ندامت محسوس ہوتی تھی کہ میرے پاس سب کچھ ہونے کے باوجود میری زندگی میں سکون نہیں ہے۔ صنم چوہدری نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے کچھ عرصے بعد ہی پروڈکشن ہاؤسز نے مجھ سے رابطے کرنا شروع کر دئیے، میرا وزن بڑھ ہوا تھا، میں اسے کم کرنے لگی، اور پروڈکشن ہاؤس والوں سے کہتی رہی کہ جلدی دوبارہ جوائن کروں گی۔

اداکارہ صنم چوہدری کا کہنا تھا کہ ان دنوں میں نے اپنے فٹنس ٹرینر سے یہ بات شیئر کی کہ میری زندگی میں ذہنی سکون نہیں ہے، تو انہوں نے مجھے قرآن پاک کے مطالعے کا مشورہ دیا، جس کا میں نے فوری طور پر آغاز کر دیا۔

انہوں نے ایک نوجوان لڑکی اقرا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان سے قرآن سیکھنا شروع کیا تو مجھے محسوس ہوا کہ زندگی کا اصل سکون تو صرف قرآن پاک اور اللہ کے ذکر میں ہے، ہم تو ایک لاحاصل سی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر صنم چوہدری جزباتی ہوگئیں اور کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے مجھ سیدھی راہ دکھائی۔

صنم چوہدری کا انسٹا گرام پر لائیو سیشن میں کہنا تھا کہ جب میں شوبز میں تھی، تو مجھے احساس ہی نہیں تھا کہ زندگی بہت مختصر ہے، اس نے ختم ہوجانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین کی راہ پر آنے سے پہلے میری زندگی میں ایک دوڑ سی لگی ہوئی تھی، جس کا کچھ پتا نہیں تھا کہ یہ کہاں ختم ہو گی، لیکن اب اللہ کے دین پر زندگی گزارنے کا مزہ آ رہا ہے، میری زندگی میں اب بہت سکون ہے۔

زندگی اداکاری اور ایوارڈز سے بہت آگے کا نام ہے

صنم چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کی خاطر اور اپنی زندگی میں سکون کیلئے شوبز سے الگ ہوئی ہیں، انہوں نے کہا کہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرلینا کوئی بڑی بات نہیں، زندگی اداکاری اور ایوارڈز سے آگے کا نام ہے۔ صنم چوہدری نے لائیو سیشن کے دوران اپنے ٹرینر نجم شہزاد سے بھی گفتگو کی، اور دین سے رجوع کرنے میں ان کی رہنمائی ان کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ رواں برس اگست میں صنم چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اپنی شوبز کی تصویریں ہٹا دی تھیں، اور اس کے بعد سے صرف قرآنی آیات اور مذہبی پوسٹیں شیئر کیا کرتی تھیں۔

صنم چوہدری نے 2013ء میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر پیچھے مڑ کا نہیں دیکھا، انہوں نے عشق ہماری گلیوں میں، بھول، گھر تتلی کا پر، آسمانوں پہ لکھا جیسے مشہور ڈراموں سمیت 30 سے زائد ڈراموں میں کام کیا، ان کا آخری نشر ہونے والا ڈرامہ میر آبرو تھا، جس کے بعد انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved