اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تحریک اںصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا اور استعفوں کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر سے ملاقات کا وقت مانگا تھا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے شاہ محمود قریشی کے خط کا جواب دے دیا جس میں کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کے لیے پی ٹی آئی اراکین کو علیحدہ علیحدہ بلائیں گے۔
جوابی خط میں قومی اسمبلی کے رول 43 کا حوالہ بھی دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اسپیکر کو یہ اطمینان کرنا ہے کہ استعفیٰ رضاکارانہ اور اصل ہے، ممبر کے لیے ضروری ہے کہ وہ استعفیٰ کے اوپر تاریخ درج کرے، اگر استعفیٰ پر تاریخ درج نہیں تو استعفیٰ جمع کروانے کی تاریخ استعفیٰ کی تاریخ قرار دیا جائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 11 اپریل کو جمع کروائے گئے استعفوں کی تصدیق کے لیے 30 مئی کو خط لکھا گیا، 6 سے 10 جون تک تصدیق کا وقت دیا گیا۔