صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم اور چیف جسٹس کو الگ الگ خطوط لکھ کر مستعفی رکن قومی اسمبلی مراد سعید کی جعلی ایف آئی آر سے متعلق شکایت کے ازالے کا کہا ہے۔
صدر مملکت نے وزیر اعظم محمد اور چیف جسٹس کے نام خطوط میں مراد سعید کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا بھی حوالہ دیا، مراد سعید نے الزام لگایا کہ مسجد نبویﷺ، مدینہ شریف میں پیش آنے والے واقعے پر ان کے خلاف جعلی، بوگس، غیر سنجیدہ ایف آئی آر درج کی گئی۔صدر کے خط کے مطابق مراد سعید نے الزام لگایا کہ ان کے پاکستان میں ہونے کے باوجود ان کیخلاف پورے پاکستان میں ایک ہی الزام کے تحت متعدد ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
پی ٹی آئی رہنماء مراد سعید نے مالاکنڈ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا معاملہ اٹھایا، انہوں نے الزام لگایا کہ معاملہ اٹھانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، اسلام آباد پولیس ان کی ایف آئی آر درج نہیں کررہی۔
خط کے مطابق مراد سعید نے یہ بھی بتایا کہ کچھ نامعلوم افراد ان کا پیچھا کرتے ہیں، ان کی جان کو خطرہ ہے۔