پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک سال میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے۔
شاداب خان نے یہ اعزاز بگ بیش لیگ کے چودہویں میچ میں اپنے نام کیا، قومی کرکٹر کی ٹیم ہوبارٹ ہوریکینز نے میلبرن رینی گیڈز کو 8 رنز سے شکست دی جس میں شاداب نے اہم کردار ادا کیا۔
آسٹریلیا میں جاری لیگ میں لیگ اسپنر نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، شاداب نے ایرون فنچ، جوناتھن ویلز اور مجیب الرحمان کو اپنا شکار بنایا۔
ان تین وکٹوں کو حاصل کرنے کے بعد شاداب کی 2022 میں لی گئی وکٹوں کی تعداد 61 ہو گئی جب کہ اب تک کوئی بھی پاکستانی بولر ایک ہی سال میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 61 وکٹیں نہیں حاصل کر سکا۔
فاسٹ بولر حارث رؤف 2022 میں 60 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، اس سے قبل وہاب ریاض نے 2019 میں جب کہ آل راؤنڈر اظہر محمود نے 2013 میں 60 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
خیال رہے کہ 24 سالہ آل راؤنڈر شاداب خان اب تک 224 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، جن میں شاداب نے 137.12 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 2087 رنز بنائے ہیں جب کہ 7.21 کی اکانومی سے 258 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
شاداب نے چھ ٹیسٹ، 53 ون ڈے اور 84 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی ہے۔