وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مستحق فنکاروں کیلیے مالی امداد 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار تک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اس بات کا اعلان فلم ڈائریکٹر و فلم پروڈیوسر سید نور سے ملاقات کے موقع پر کیا۔
ایران کےادارےفارابی اورترکی کے ساتھ ملکر فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔ایرانی اورترکش فلم میکرزکی معاونت سےفلم انڈسٹری کوبحال کیاجائے گا۔جس طرح ایران اور ترکی میں علیحدہ ادارے قائم کر کے فلم انڈسٹری کو بحال کیاگیا،اسی طرح کا ادارہ پنجاب میں بھی قائم کیا جائے گا
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) December 25, 2022
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے لاہور میں جدید ترین پروڈکشن سٹوڈیو اور جدید سینما کمپلیکس بنانے کا اعلان بھی کیا ہے۔
اس موقع پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ایرانی اور ترکش فلم میکرز کی معاونت سے فلم انڈسٹری کو بحال کیا جائے گا، نوجوان فلم میکرز کو پروڈکشن کے نئے رجحانات کی ٹریننگ دلائی جائے گی جبکہ ٹیوٹا کے اداروں میں فلم ٹیکنیشن کے جدید کورسز متعارف کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کبھی آرٹ،کلچر اور فلم کا مرکز تھا، ن لیگ کی سابق صوبائی حکومت نے آرٹ، کلچر اور فلم کو بھی باقی شعبوں کی طرح تباہ کیا، ہماری حکومت لاہور کو دوبارہ آرٹ،کلچر اور فلم کامرکز بنائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے 1 ارب روپے آرٹسٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے اور ہم نے مستحق فنکاروں کے لئے مالی امداد 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی ہے۔
اس موقع پر سید نور کا کہنا تھا کہ پنجاب فن و ثقافت کے لحاظ سے زرخیز دھرتی ہے، فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا اعلان خوش آئند ہے، مقامی فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔