پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو ویزہ دینے پر پابندی سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یواے ای کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو ویزا جاری کرنے پر ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔دوسری جانب اردو نیوز کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے پاکستان کے متعدد شہروں میں پیدا ہونے والے شہریوں کے لیے اماراتی ویزہ کی پابندی کی اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اطلاعات جعلی ہیں۔
گزشتہ کئی روز سے پاکستان میں سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر کچھ خبریں گردش کر رہی ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں پیدا ہونے والے پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے سیاحتی ویزے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ ان شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری امارات میں متعدد مرتبہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
اس وجہ سے امارات کی حکومت نے ان شہروں سے کسی بھی پاکستانی کو وزٹ ویزے جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔