پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک میچ میں 3 ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
بابر اعظم ایک سال میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ انٹرنیشنل ففٹی پلس رنز کرنے والے پلیئر بن گئے ہیں۔کراچی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بابر اعظم نے اس سال کا 25 واں ففٹی پلس اسکور کیا ہے۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم، سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے ہم پلہ ہو گئے ہیں، جنہوں نے 2014 میں 25 ففٹی پلس اسکور کئے تھے۔بابر اعظم نے اس سال7 انٹرنیشنل سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔
کپتان بابر اعظم نے یہ اعزاز کراچی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا 13 واں رن بنا کر حاصل کیا تھا، انہوں نے محمد یوسف کا ریکارڈ توڑا ہے۔قومی ٹیم کے سابق بیٹر محمد یوسف نے 2006 میں 2435 انٹرنیشنل رنز بنائے تھے جبکہ بابر اعظم نے ایک سال میں اب تک 2436 رنز بنا لیے ہیں۔
بابر اعظم رواں ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے بیٹر بن گئے
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اس سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔کراچی ٹیسٹ میں 90 رنز مکمل کر کے بابر اعظم نے جو روٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔انگلینڈ کے بیٹر جو روٹ نے اس سال 27 اننگز میں 1098 ٹیسٹ رنز بنائے جبکہ بابر اعظم 16 اننگز میں ہی اس سال کے لیڈنگ اسکورر بن گئے۔