خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر ریلیف اور بحالی اقبال وزیر کے خلاف کارروائی کی سفارش کردی گئی۔
محکمہ بلدیات کے ملازمین کو یرغمال بنانے کے معاملے پر ڈی جی بلدیات نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو واقعے کی رپورٹ ارسال کردی ہے۔
رپورٹ میں صوبائی وزیر ریلیف اقبال وزیر کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اقبال وزیر نے مسلح افراد کے ذریعے ڈی جی آفس کے عملہ کو 7 گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا۔
رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر اقبال وزیر وزیرستان میں کلاس فور کی بھرتیوں کا مطالبہ کر رہے تھے، انکار پر انہوں نے اسٹاف کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اس سے قبل بھی اقبال وزیر نے ایسا کیا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ڈی جی آفس بلدیات کے افسران سمیت تمام ملازمین نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے، وزیر کو ہٹانے تک ملازمین نے ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ملازمین نے قانونی کارروائی کےلیے ایکشن کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔