چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس لاہور میں ہوا۔
اجلاس میں سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک اور عمران اسماعیل شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور ٹیکنوکریٹ حکومت کی افواہوں پر گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے استعفوں پر بھی مشاورت کی گئی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جن 11 لوگوں کے استعفے قبول کیے، کیا ان کو بلایا؟ سمجھ رہے تھے کہ ان 11 سیٹوں پر جیت جائیں گے لیکن بری طرح ہارے، تحریک انصاف کا کوئی ایم این اے قومی اسمبلی میں بیٹھنے کو تیار نہیں، جو لوٹے قومی اسمبلی میں بیٹھے ہیں ان کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ نے جن 11 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے کیا انہیں ایک ایک کرکے بلایا تھا؟ ملک میں لوٹا کریسی کی سیاست ختم ہو چکی ہے، ہمارے استعفے آپ کے پاس ہیں، آپ کہتے ہیں کہ منظور نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوٹے اپنے حلقوں میں جانے کے قابل نہیں رہے، اسحاق ڈار کی کامیابی پاکستان کی ناکامی ہے، زرداری کی کامیابی پاکستان کی ناکامی ہے، اسحاق ڈار نے اثاثے بحال کروانے کی قانونی جنگ جیتی اس پر ہر پاکستانی شرمندہ ہے۔