پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ نظامِ حکومت سے ملک میں عدم استحکام آئے گا،وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نذیرتارڑ نے ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کو غیرآئینی قرار دے دیا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھاکہ آئین میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں، اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد نگراں حکومت آئے گی۔
حکومت کے ٹیکنوکریٹ حکومت سے متعلق پی ٹی آئی سے رابطہ کرنے کے سوال پر کہا کہ میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں، ٹی وی پر دیکھا ہے۔رضا ربانی کا کہنا تھاکہ طویل مدتی نگراں ٹیکنوکریٹ حکومت کے خلاف مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں ٹیکنوکریٹ حکومت کی باتیں آئین کےخلاف ہیں، حکومتی ادارے ایسے غیرآئینی نظام کی تجویز دینے سے اجتناب کریں۔ان کا کہنا تھاکہ ٹیکنوکریٹ نظام حکومت سے ملک میں عدم استحکام آئے گا، وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کو بطورلیبارٹری استعمال نہ کریں۔