ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے سال 2023ء کے موقع پر صارفین کو بتایا کہ جلد ہی پلیٹ فارم پر مواد کی تلاش کو بہتر بنانے سمیت پروفائل کی تصویر کو بہتر انداز میں رکھنے سمیت متعدد فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
حال ہی میں ٹوئٹر پر ’ویو‘ فیچر کو متعارف کرایا گیا تھا، جس کے تحت اب ہر صارف کو اپنی ٹوئٹ دیکھنے یا پڑھنے والے افراد کی تعداد بھی معلوم ہوجاتی ہے اور یہ فیچر پہلے صرف ویڈیوز میں آتا تھا، اب ہر ٹوئٹ پر اسے ایڈ کردیا گیا۔
اسی طرح اب ایلون مسک نے متعدد نئے فیچرز پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ نئے فیچرز کو جنوری میں ہی پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ پلیٹ فارم پر مواد یا پسندیدہ ٹوئٹ کو تلاش کرنے یا پھر اپنی مرضی کے افراد کی ٹوئٹس دیکھنے کی خواہش رکھنے والے افراد کے لیے بہترین فیچرز پیش کیے جانے والے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹوئٹر پر جلد ہی نیوی گیشن فیچر متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت صارف اپنی اسکرین کو ایک سے دوسری جانب دائیں اور بائیں سوئپ کرکے اپنے پسندیدہ مواد تک پہنچا جا سکتا ہے۔
اس فیچر کے تحت ٹوئٹر کی ہوم نیوزفیڈ متعدد حصوں میں تقسیم ہوجائے گی اور صارف آئیکون یا اسکرین کو سوئپ کرکے ٹاپ، لیٹسٹ اور ٹرینڈنگ ٹوئٹس تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس وقت ٹوئٹر کی ہوم نیوز فیڈ پر صرف ایک ہی طریقے کے تحت مواد کو دیکھا جا سکتا ہے۔
اس وقت ٹوئٹر کی نیوز فیڈ پر نئی ٹوئٹس خود بخود اوپر آجاتی ہیں جب کہ اسکرین کے فرنٹ پر ٹوئٹر نیوز فیڈ کے اوپر نظر آنے والے اسٹار کو کلک کرنے سے پرانی اور مقبول ٹوئٹس بھی دیکھی جا سکتی ہیں مگر اس میں مواد کا فیصلہ ٹوئٹر کا الگورتھم کرتا ہے۔
نیوی گیشن فیچر کے علاوہ ایلون مسک نے ٹوئٹر پر بک مارک کا فیچر بھی پیش کرنے کا اعلان کیا، جس کے تحت صارف اپنی پسندیدہ ٹوئٹس کو ایک جگہ محفوظ رکھ سکے گا اور وقت آنے پر انہیں پڑھے گا۔
ایلون مسک کے مطابق اس فیچر کے تحت بک مارک کی جانے والی تمام چیزیں پرائیویٹ ہی رہیں گی۔