تل ابیب میں برطانوی سفارت خانے نے اسرائیلی وزیرکی جانب سے مسجد اقصیٰ کے دورے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں برطانوی سفارت خانےکا کہنا تھا کہ اسرائیل کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیرکاعمل قابل تشویش ہے، تمام فریقین امن کو سبوتاژ کرنے والی کارروائیوں سے گریز کریں۔
یاد رہےکہ انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر نے سخت سکیورٹی میں مسجد اقصٰی کا اشتعال انگیز دورہ کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر نے بھاری حفاظتی انتظامات میں مسجد اقصٰی کے ارد گرد چہل قدمی کی، اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ اسرائیلی وزیر نے دورے کے دوران عبادت کی ہو۔
ایتمار بن گویر نے چند روز قبل مسجد اقصٰی جانے کا اعلان کیا تھا جس پر اسرائیلی حزب اختلاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یائر لاپڈ نے خبردارکیا تھا کہ ایتمار بن گویرکا دورہ تشددکو ہوا دے سکتا ہے۔
اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر کے مسجد اقصٰی کے دورے پر مسلم دنیا نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے انتہا پسند اسرائیلی وزیرکے مسجد اقصٰی کےدورے کی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ اسرائیلی وزیرکا مسجد اقصٰی کا دورہ غیر معمولی اشتعال انگیزی اور تنازع میں خطرناک اضافہ ہے۔