کینیا میں قتل ہونے والے سینیئر پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے مقتول کے کینیا میں ہوئے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے کینیا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور بیان حلفی دوبارہ جمع کرایا ہے۔اس سے قبل رجسٹرار آفس نےکینیا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی فوٹو کاپی ہونےکا اعتراض کیا تھا، جے آئی ٹی نے پیشرفت رپورٹ میں اعتراض دور کردیا، اعتراض دور ہونے پر رجسٹرار آفس نے پیشرفت رپورٹ وصول کرلی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں ارشد شریف کےقتل پر از خود نوٹس کیس پرکل سماعت ہوگی۔
اسلام آباد پولیس کی طرف سے بھی سپریم کورٹ میں کل ارشد شریف قتل کی اب تک کی انکوائری رپورٹ جمع کرائی جائےگی۔