پنجاب اور خیبرپختونخواکی حکومتیں توانائی بچت پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں، خواجہ سعد رفیق

4  جنوری‬‮  2023

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت اور اتحادی دست و گریبان نہیں ہیں، کراچی میں بلدیاتی الیکشنز پر اختلاف رائے ہے، دعا کریں انتخابات وقت پر ہو جائیں، پنجاب اور خیبرپختونخواکی حکومتیں توانائی بچت پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم کیوایم کا وفاقی حکومت کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے، بلدیاتی الیکشن پر پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے تحفظات ہیں ،ہم دونوں کے درمیان سہولت کاری کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جس طرح ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی حرکتیں ہیں لگتا نہیں کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سب سے بات چیت کرکے مارکیٹیں اور کاروبار رات 8بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ، دنیا میں تو دکانیں شام6بجے بند ہوجاتی ہیں، پاکستان کے پاس بجلی پیدا کرنے اور تیل خریدنے کیلئے ڈالرز نہیں ہیں، تو بہترنہیں عادات بدل دیں، صبح جلد دکانیں اور کاروبار کھول لیا کریں۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی،پنجاب اور خیبر پختونخواکی حکومتیں توانائی بچت پلان پر عمل درآمد یقینی بنائیں،پی ٹی آئی وفاق پر تنقید کی بجائے اپنی صوبائی حکومتوں کارکردگی کی طرف توجہ دے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہوں تو ملک میں سیاسی استحکام پیدا کریں، ہمیں خوامخواہ تنگ کیا جا رہا ہے، کام کریں اور کام کرنے دیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پہلے ڈس انفارمیشن پھیلائی گئی کہ روز ویلٹ ہوٹل بیچا جا رہا ہے، چند دن بعد 3 ایئر پورٹس کی نجکاری سے متعلق غلط خبر چلادی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ 3 ایئر پورٹس کی آپریشنل مدت کو آئوٹ سورس کیا جا رہا ہے، ہمارے ایئرپورٹ انشااللہ ہمارے پاس ہی رہیں گے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آپریشنز کو آئوٹ سورس کرنا نجکاری نہیں ہے، پوری دنیا میں ایئر پورٹس کو آئوٹ سورس کیا جا رہا ہے، حکومت کو پریمیئم ملنے کے ساتھ بیرونی سرمایہ کاری آئے گی، وہ اپنا کام کرکے چلے جائیں گے اور ہمارے ایئرپورٹس ہمارے پاس رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سروسز انٹرنیشنل لیول کی ہوجائیں گی، یہ کام ساری دنیا نے کیا ہوا ہے، انڈیا اور سعودی عرب میں بھی ایئرپورٹس کو آئوٹ سورس کیا گیا ہے، یہ کوئی نجکاری نہیں ہے، خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ پہلے کہانی سنائی گئی کہ امریکہ میں روزویلٹ ہوٹل کو بیچا جارہا ہے، میں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایسی کوئی تجویز نہیں، 2020ء میں روزویلٹ ہوٹل بند پڑا رہنے کے اخراجات25 ملین ڈالر کے ہیں، ان اخراجات کو نیچے اور 300 کمروں کو فنکشنل کرنے کیلئے کچھ پیسا درکار ہے، واضح بتایا گیا کہ یہ ہوٹل نہیں بیچا جائے گا۔ایک سوال پر وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم عمران خان کے دور حکومت میں جیلوں میں جاتے رہے لیکن دھرنا نہیں دیا، اگر ایسا کرتے تو ملک غیر مستحکم ہو سکتا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved