وزیر اعلیٰ پنجاب کی ووٹنگ سے قبل لیگی اراکین نے وفاق سے کروڑوں روپے فنڈز مانگ لیے

4  جنوری‬‮  2023

مسلم لیگ ن کے اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ سے پہلے وفاقی حکومت سے ترقیاتی اسکیموں کے لیے کروڑوں روپے کا فنڈز مانگ لیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیراعلی کے اعتماد سے پہلے مسلم لیگ ن میں بڑی ہلچل ہے جہاں شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں لیگی ایم پی ایز نے وفاقی حکومت سے ترقیاتی اسکیموں کی مد میں کروڑوں روپے کے فنڈز طلب کیے اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

لیگی اراکین کے تحفظات دور کرنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی قائم کردہ وزرا کی کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں لیگی ارکان کے گلے شکوے سنے، اس دوران اراکین لیگی قیادت کے سامنے پھٹ پڑے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے اراکین نے پانچ پانچ کروڑ جبکہ جنوبی پنجاب والے لیگی ایم پی ایز نے پچیس پچیس کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیمیں مانگ لیں جس کی وزرا نے یقین دہانی کروا دی۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی حرکتیں ایسی نہیں کہ انتخابات بروقت ہو سکیں اس لئے وہ بھی انتخابات بروقت ہو جانے کی دعائیں کریں۔ کسی ایئرپورٹ کی نجکاری نہیں کی جا رہی، نئی ریلوے کوچز سو فیصد فٹ ہیں اور اس ماہ باقاعدہ آپریشنل ہو جائیں گی۔

وزیراعظم کی قائم کردہ وزرا کی کمیٹی میں شامل رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان اور عطاء اللہ تارڑ روزانہ کی بنیاد پر پندرہ پندرہ اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقاتیں کر کے ان کے تحفظات سنیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved