افغان طالبان کے آپریشن میں پاکستانی سفارتخانے اور چینی شہریوں پرحملوں میں ملوث داعش کے 8 دہشتگرد مارے گئے۔
ترجمان افغان حکومت ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ داعش کے خلاف آپریشن کابل اور نیمروز صوبوں میں کیے گئے جن میں آٹھ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آپریشن کے دوران 7 دہشتگردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہتھیار، دستی بم اور بارودی سرنگیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ترجمان افغان حکومت کے مطابق داعش کے اس خطرناک نیٹ ورک نے لنگان ہوٹل، ہوائی اڈے اور کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے کیے اور اب بھی کچھ دیگر اہم مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دسمبر کے آغاز پر افغان دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا تھا جس میں سفارت خانے کا ایک اہلکار زخمی ہوا تھا۔
حملے میں پاکستانی ناظم الامور کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس میں وہ خوشقسمتی سے محفوظ رہے تھے۔
پاکستان نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان طالبان سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔