ایلون مسک نے آنے والے ہفتوں میں ٹوئٹر میں متعدد نئی تبدیلیاں لانے کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر کے مالک نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے یوزر انٹرفیس کو بدلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فروری کے شروع میں ٹوئٹر میں زیادہ طویل ٹوئٹس کا فیچر متعارف کرایا جائے گا۔
اس فیچر کا عندیہ ایلون مسک کی جانب سے نومبر 2022ء سے دیا جارہا ہے اور اب انہوں نے اس کی تاریخ کے بارے میں بتایا۔
مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ٹوئٹ کے حروف 280 سے بڑھا کر کتنے کیے جاسکتے ہیں۔
پہلے ایک ٹوئٹ میں صرف 140 حروف استعمال ہوسکتے تھے، 2017ء میں حروف کی تعداد 280 کی گئی تھی۔
زیادہ بڑی تحریر کے لیے لوگوں کو ایک ہی تھریڈ میں کئی ٹوئٹس کرنا ہوتے ہیں۔
ایلون مسک نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سے ٹوئٹر میں دائیں بائیں swipe کرکے نیوز فیڈ کے مختلف سیکشنز تک رسائی دی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یوزر انٹرفیس کو تبدیل کرنے کے پہلے مرحلے میں بک مارک بٹن کو ایک ہفتے بعد متعارف کرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022ء میں ٹوئٹر کو خریدا تھا اور اس کے بعد سے کافی کچھ تبدیل کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ملازمین کو نکالنے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور حالیہ دنوں میں متعدد افراد کو فارغ کیا گیا۔