فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا ہے کہ پیرس مالیاتی اداروں کے ساتھ بات چیت میں پاکستان کی حمایت کے لیے تیار ہے کیونکہ ملک کو حالیہ سیلاب سے بہت زیادہ نقصانات کا سامنا ہے۔
جنیوا میں پاکستان کی سربراہی میں موسمیاتی تباہ کاریوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے نقصان کے ازالے اور مدد کے لیے جاری کانفرنس میں فرانسیسی صدر میکرون نے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ فرانس پاکستان کو مہارت اور کچھ مالی مدد فراہم کرتا رہے گا۔
یاد رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب نے پاکستان کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچایا اور تقریباً 80 لاکھ افراد بے گھر اور کم از کم 1700 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ تعمیر نو کی کوششوں پر اب 16 بلین ڈالر سے زیادہ لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔