سعودی عرب کا عازمین حج کی تعداد پرپابندی ختم کرنے کا اعلان

10  جنوری‬‮  2023
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشیر اور مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے کانفرنس و نمائش برائے حج و عمرہ حج ایکسپو کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کر دیا ہے، اس موقع پر انہوں نے سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کی تعداد پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، اس ایکسپو میں 57 سے زائد ممالک کے حج وفود کے سربراہان اور اعلیٰ حکام کے 81 ترجمان شرکت کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق وزیر حج اور عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے اس بات کی تاکید کی کہ دنیا کے تمام ممالک سے آنے والے ضیوف رحمان کی خدمت کرنا اولین ترجیح اور ایک مستند تاریخی عہد کا التزام ہے، اور یہ کہ خادم حرمین شریفین کی حکومت کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے جس پر اسے فخر ہے کہ زائرین اپنی رسومات اطمینان اور آسانی سے ادا کر سکیں۔

سعودی عرب کے وزیر برائے حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیع نے بیان میں کہا کہ رواں سال حج  کے لیے عازمین کی تعداد پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔ عازمین حج کی تعداد پر پابندی کورونا وبا کے باعث عائد کی گئی تھی۔

وزیر حج وعمرہ نے حج کے لیے عمر کی حد ختم کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حج کی ادائیگی کیلئے اب زیادہ سے زیادہ یا کم سے کم عمر کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عازمین حج کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ حجاج کرام کی تعداد وہی ہو جائے گی جو کورونا وباء سے پہلے تھی۔ یعنی کورونا وبا سے پہلے کا حج کوٹہ بحال کیا جائے گا۔

سعودی وزیر نے حج ایکسپو  کی افتتاحی تقریب کے دوران خطاب میں حرم شریف کی توسیع میں (200) بلین ریال سے زیادہ کی لاگت سے انفراسٹرکچر میں مملکت کی سرمایہ کاری  کے منصوبے پر بھی روشنی ڈالی،  اور بتایا کہ سعودی حکومت کس  طرح حج و عمرہ زائرین کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عازمین حجاج کرام اور عمرہ زائرین کیلئے مملکت کے سب سے بڑے ہوائی اڈے کا قیام بھی شامل ہے، جو کہ جدہ کا کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہے، جس کی لاگت (40) بلین ریال سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ حرمین ٹرین کی تعمیر، جو مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کو ملاتی ہے، (64) بلین ریال سے زیادہ کی لاگت سے تیار ہوئی ہے، اورجس نے سفر کے دورانیے کو 6 گھنٹے   سے کم کرکے دو گھنٹے تک کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ کرنے والوں کے لیے جامع انشورنس پریمیئم  کی مقدار کو 235 سے کم کر کے 88 ریال  تک کر دیا جس کی کمی کی شرح 63 فیصد ہے، ساتھ ہی حاجیوں کے لیے انشورنس فیس کو 109 ریال سے کم کر کے 29 کر دیا گیا  یعنی 73 فیصد کی کمی کی گئی ہے۔

گزشتہ سال سعودی حکومت نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 65 سال سے کم عمر کے 10 لاکھ عازمین کوحج ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔ سال 2019ء میں 25 لاکھ افراد نے حج کی سعادت حاصل کی تھی۔

حج ہرسال اسلامی مہینے ذوالحج کی 8 سے 12 تاریخ کے درمیا ن ادا کیا جاتا ہے۔ رواں سال حج 26 جون سے یکم جولائی کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved