نیب ترامیم کیس،عدالتیں سیاسی فیصلے کرنے کی جگہ نہیں ہیں،سپریم کورٹ

11  جنوری‬‮  2023

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کا کہنا ہے سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ پر اعتماد ہے لیکن عوام کا اعتماد عدلیہ پر ہے۔

نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم کے وقت ارکان اسمبلی کی اکثریت نے منظوری دی، نیب ترامیم کی منظوری کے وقت 159 ممبران اسمبلی موجود تھے۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے سوال یہ ہے کہ قانون سازی کے وقت اپوزیشن کا ہونا ضروری ہے جبکہ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ پہلے ایسی کوئی مثال ہےکہ ممبر پارلیمنٹ نے قانون سازی کو چیلنج کیا ہو؟
مخدوم علی خان نے کہا کہ میرے سامنے ایسا کیس نہیں جس میں رکن پارلیمنٹ نے قانون چیلنج کیا ہو، درخواست گزار ناصرف رکن پارلیمنٹ ہے بلکہ ملک کا وزیراعظم رہا ہے، دلائل میں درخواست گزار کی بدنیتی اور ذاتی مفاد کی بھی وضاحت کروں گا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ موجودہ کیس میں نیب قانون کی بہتری دیکھ رہے ہیں، ضروری نہیں کہ قانون کو کالعدم ہی قرار دیا جائے، قانون کالعدم قرار دینے کے علاوہ بھی عدالت کے پاس آپشن موجود ہیں، قانون کو آئین کے مطابق ہونے پرہی آگے بڑھنا چاہیے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ نیب ترامیم بنیادی حقوق سے متصادم ہوئیں تو ہی عدالت آپشنز پر غور کرے گی، جس پر وفاقی حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کوئی بھی ایسا قانون قائم نہیں رہ سکتا جو بنیادی حقوق سے متصادم ہو۔

جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کا کہنا تھا عدالتیں سیاسی فیصلے کرنے کی جگہ نہیں ہیں، اس کیس میں سیاسی تنازع بھی ہے، پی ٹی آئی وکیل نے کہا پاکستان بننے کے وقت سے کرپشن بیماری کی صورت میں موجود ہے، ہمارا معاشرہ کرپشن کی بیماری کا شکار ہے، عوامی مفاد اور انفرادی فائدہ اٹھانے والوں کے درمیان توازن ہونا چاہیے۔
وکیل وفاقی حکومت مخدوم علی خان کا کہنا تھا یہ بات درست ہے کہ اعتماد بہت اہم ہوتا ہے، عدلیہ بھی پارلیمنٹ اور سیاستدانوں پر اعتماد کرے، جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا عدالت کو پارلیمنٹ پر اعتماد ہے مگر عوام کا اعتماد عدلیہ پر ہے، کچھ بنیادی لوازمات ہیں جس پر عدالت نے بھی عمل کرنا ہے۔

سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved