وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ کی جانب سے جنیوا کانفرنس میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اضافی 100 ملین ڈالر امدادکے اعلان کو سراہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزرات خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستانیوں کے لیے ویزہ انٹرویو سے متعلق سہولیات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ویزہ سہولیات سے متعلق امریکی وزیر خارجہ سے تفصیلی بات ہوئی، اس اقدام سے نہ صرف ویزہ لینے کا عمل تیز ہوگا بلکہ عوامی رابطہ بڑھے گا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں امریکی سفیر نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پاکستانی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔