کیتھولک چرچ کے سربراہ اور مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے مقبوضہ بیت المقدس کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
سعودی ذرائع ابلاغ نے فلسطینی نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پوپ فرانسس نے ویٹی کن سٹی میں سفارت کاروں سے سالانہ ملاقات میں مقبوضہ بیت المقدس میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو تنازعات کا تھیٹر ہونے کی بجائے امن کا فورم ہونا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلسطین اور اسرائیل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق براہ راست مذاکرات کو بحال کریں گے۔ویٹی کن سٹی کے لیے فلسطین کے سفیر عیسٰی قسیسیہ نے پوپ فرانسس کو صدر محمد عباس کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور زور دیا کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں انصاف، امن اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے دعا کریں۔