کراچی، حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی

13  جنوری‬‮  2023

ایم کیوایم کی جانب سےحلقہ بندیوں پر تحفظات کے بعد سندھ حکومت نے کراچی، حیدر آباد اور دادو میں پندرہ جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

بلاول بھٹو کی صدارت میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے ہونے والے اجلاس کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ ایم کیو ایم کے حلقہ بندیوں پر تحفظات ہیں ، چاہتے ہیں اتحادیوں کے مطالبات کو سنجیدہ لیا جائے ۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد اور دادو میں15 جنوری کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جارہے ہیں البتہ سندھ کے باقی تمام اضلاع میں الیکشن شیڈول کے مطابق ہوں گے ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ دادو میں سیلابی پانی کے باعث الیکشن ملتوی کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ چکی ہے شرجیل میمن نے کہا کہ جماعت اسلامی سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں۔

تاہم ٹنڈوالٰہ یار، ٹھٹہ، بدین، سجاول ،مٹیاری،جامشورو،ٹنڈو محمد خان میں الیکشن شیڈول کے مطابق پندرہ جنوری کو ہی ہونگے۔

بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سے فاروق ستار کی سربراہی میں متحدہ کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ایم کیو ایم وفد نے سندھ کابینہ کے بلدیاتی حلقہ بندیوں کے حوالے سے کئے گئے فیصلے پر شکریہ ادا کیا، ایم کیو ایم کے وفد میں فیصل سبزواری ، مصطفیٰ کمال، وسیم اختر اور جاوید حنیف بھی شریک تھے.
دوسری جانب انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو تحریک انصاف نے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved